قومی شاہراہ پر مسافر وین الٹ گئی، زخمیوں کو بچانے کی کوشش میں 2 موٹر سائیکل سوار بھی ٹرالر کی زد میں آ گئے

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری): گھوٹکی کے علاقے محمد پور کے قریب قومی شاہراہ پر گھوٹکی سے سکھر جانے والی مسافر وین اچانک بے قابو ہو کر الٹ گئی، جبکہ اسی دوران امداد کے لیے رکنے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیچھے سے آنے والے تیز رفتار ٹرالر نے کچل دیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت مجموعی طور پر 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں چونڈکو کے رہائشی مسمات اندران مارواڑی، مسمات ورندنا مارواڑی اور پریتم مارواڑی شامل ہیں، جبکہ گھوٹکی کے رہائشی ریاض لاشاری، شوکت ملق اور ہمیر علی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

زخمی ہونے والے شہری شوکت ملق نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ساتھی ہمیر علی کے ہمراہ جا رہے تھے کہ سامنے مسافر وین کو الٹتے دیکھا۔ جونہی انہوں نے وین میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے اپنی موٹر سائیکل سڑک کنارے روکی، تو اسی اثناء میں پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرالر نے ان کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی، جس سے وہ دونوں بھی شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہری اور بی سیکشن پولیس کی نفری فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو قریبی تعلقہ اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم ان میں سے دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوہرے حادثے کے باعث قومی شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جسے پولیس نے موقع پر پہنچ کر کلیئر کرا دیا اور واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے