تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس کی کارروائی، شہری کو زہر دے کر قتل کرنے والے دو ملزمان لاہور اور شیخوپورہ سے گرفتار

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے اندھے قتل کی واردات کا ڈراپ سین کر دیا ہے اور واردات میں ملوث مقتول کے دوستوں طارق اور اکرم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ضلعی پولیس گوجرانوالہ کے مطابق مقتول عبدالستار نے ملزم طارق سے اپنی ادھار دی گئی رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تھا، جس پر ملزم نے اپنے ساتھی اکرم کے ہمراہ اسے راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی۔ ملزمان نے منصوبے کے تحت عبدالستار کو زہر دے کر قتل کیا اور شواہد مٹانے کی غرض سے نعش کو بوری میں بند کر کے ویرانے میں پھینک دیا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگایا اور چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مرکزی ملزم طارق اور اس کے شریکِ جرم اکرم کو لاہور اور شیخوپورہ سے گرفتار کر لیا۔

اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) گوجرانوالہ محمد صہیب اشرف نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط تفتیش، ٹھوس شواہد اور عدالت میں مؤثر پیروی کے ذریعے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے