سینٹرل کرم میں انسانی بحران کا خدشہ، متاثرین کی بحالی کے لیے ریاستی توجہ ناگزیر
تحریر: احمد جان صدیقی

ضلع کرم کا وسطی علاقہ (سینٹرل کرم) طویل عرصے سے معاشی پسماندگی، بے دخلی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ ماضی قریب میں جہاں عالمی اور قومی فلاحی اداروں نے متاثرہ آبادی کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کی ہے، وہیں سرکاری سطح پر تاخیر اور سرخ فیتے کی رکاوٹوں کے باعث خطے میں ایک بڑے انسانی المیے کے خدشات بھی بڑھ رہے ہیں۔
حال ہی میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (ICRC) نے پاکستان ہلال احمر (PRCS) کے اشتراک سے سینٹرل کرم کے متاثرہ خاندانوں میں فوڈ راشن پیکجز کی تقسیم کا ایک اہم مرحلہ کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین تک بروقت امداد پہنچانے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات بلاشبہ قابلِ تحسین ہیں۔
ماضی قریب میں تین روزہ امدادی مہم کے دوران مستحق خاندانوں میں بنیادی خوراک پر مشتمل راشن پیکجز تقسیم کیے گئے، جس کے بعد آئی سی آر سی کی جانب سے خوراک کی امداد سے مستفید ہونے والے خاندانوں کی مجموعی تعداد 8,200 تک پہنچ گئی ہے۔ مزید برآں، 3,500 خاندانوں کو صحت و صفائی کے اصولوں پر عمل درآمد اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ہائی جین کٹس بھی فراہم کی گئیں۔
امدادی سامان کی منصفانہ اور شفاف تقسیم یقینی بنانے کے لیے مقامی عمائدین، ضلعی انتظامیہ اور پاکستان ہلال احمر کے باہمی تعاون اور تصدیقی عمل کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ بلاشبہ آئی سی آر سی دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی غیر جانبدارانہ اور بلاامتیاز انسانی خدمت کے اصولوں کے تحت اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
تاہم زمینی حقائق اس امر کے متقاضی ہیں کہ صرف غیر سرکاری یا بین الاقوامی اداروں کی کوششیں اس وسیع خطے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی نہیں۔ سرکاری دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینٹرل کرم کے متاثرین، بالخصوص زیمشت (Zaimusht) قبیلے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد (TDPs) کی بحالی اور امداد کا معاملہ تاحال سرکاری منظوری اور عملی اقدامات کا منتظر ہے۔
ڈپٹی کمشنر آفس کرم (پاڑہ چنار) کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کو ارسال کیے گئے ایک سرکاری مراسلے مورخہ 10 جون 2026، لیٹر نمبر 8101-07، میں وی سی مناتو (VC Manatoo)، سینٹرل کرم کے زیمشت قبیلے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لیے ریلیف پیکج کی منظوری کی باقاعدہ درخواست کی گئی ہے۔
مذکورہ سرکاری خط کے مطابق 113 ونگ کرم ملیشیا، صدہ (لوئر کرم) کے ونگ کمانڈر نے 28 مارچ 2026 کو زیمشت قبیلے کے 14 دیہات کی فہرست امدادی پیکجز کی فراہمی کے لیے تجویز کی تھی۔ بعد ازاں 29 اپریل 2026 کو یہ معاملہ مزید رہنمائی کے لیے ہیڈ کوارٹرز 9 ڈویژن کوہاٹ کو بھجوایا گیا، جہاں مکمل جانچ پڑتال کے بعد زیمشت قبیلے کے ان 14 متاثرہ دیہات کے مکینوں کو ریلیف پیکجز فراہم کرنے کی سفارش کی گئی۔
ان دیہات میں مین مناتو (Main Manatu)، نری ریگ کامران مناتو کلی (Nari Righ, Kamran Manatu Keli)، خوماری مناتو کلی (Khomari Manatu Kali)، مناتو جبو (Manatu Jabo)، لیلگدا مناتو (Lilgada Manato)، لنڈوکی مناتو (Landokai Manatu)، جواسو کلی مناتو (Jawaso Kali Manatu)، ورسلہ کلی مناتو (Warasla Kali Manatu)، پس پیالہ مناتو (Pas Payala Manatu)، مین گواکی (Main Gawaki)، باغ گواکی کلی (Bagh Gawaki Kali)، ظریف خان گواکی (Zarif Khan Gawaki)، خاوو کلی گواکی (Khawo Kali Gawaki) اور ووٹ گواکی (Woot Gawaki) شامل ہیں۔
فوجی اور سول ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کیے جانے اور ہیڈ کوارٹرز 9 ڈویژن کی واضح سفارشات کے باوجود پی ڈی ایم اے کی جانب سے عملی امداد کی فراہمی میں تاخیر تشویشناک ہے۔ سینٹرل کرم کے عوام اس وقت شدید غربت، بے روزگاری اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کے فقدان کا سامنا کر رہے ہیں۔ علاقے میں خوراک اور جان بچانے والی ادویات کی اشد ضرورت ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شدید افلاس اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث پورے سینٹرل کرم میں ایک سنگین انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔
اس نازک صورتحال کا تقاضا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور زیمشت قوم سمیت سینٹرل کرم کی دیگر متاثرہ اقوام، جن میں علیشیرزئی، ماسوزئی اور پاڑہ چمکنی شامل ہیں، تک امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بذاتِ خود عملی اقدامات کریں۔
پی ڈی ایم اے اور متعلقہ صوبائی محکموں کو پابند بنایا جائے کہ وہ سرخ فیتے کی رکاوٹیں دور کرتے ہوئے منظور شدہ فہرست کے مطابق زیمشت قبیلے کے متاثرہ دیہات سمیت دیگر متاثرہ اقوام تک فوری طور پر راشن، ادویات اور دیگر ضروری امدادی سامان پہنچائیں۔
یہ وقت محض دفتری کارروائیوں اور کاغذی منظوریوں کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ہے۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکل میں گھرے اپنے شہریوں کو تنہا نہ چھوڑے۔ بروقت امداد کی فراہمی نہ صرف انسانی جانوں کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ متاثرہ عوام میں ریاستی سرپرستی اور اعتماد کا احساس بھی بحال کرے گی۔ سینٹرل کرم کو ایک بڑے انسانی بحران سے بچانے کے لیے اب مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔
ادارتی وضاحت: اس کالم میں بیان کردہ مؤقف، اعدادوشمار، معلومات اور دستاویزات کی ذمہ داری کالم نگار پر عائد ہوتی ہے۔ یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے اور فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے، ادارہ کیو این این ورلڈ اس کے مندرجات کی توثیق یا ان سے اتفاق کا پابند نہیں۔