لاہور(کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے سیاسی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور اس معاملے پر اتفاقِ رائے طے پانے کے بعد ملکی سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام سے کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما کی سیاست کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے، بلکہ یہ اقدام ملک اور عوام کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ اس معاملے کے پیچھے کسی اور قوت کا دباؤ ہے، اور واضح کیا کہ اسٹیبلشمنٹ نے کبھی بھی نئے صوبوں کے معاملے پر بات کرنے کے لیے نہیں کہا۔ وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ نئے انتظامی یونٹس یا صوبے تشکیل دینے کا حتمی طریقہ کار کیا ہوگا، اس بارے میں فی الحال انہیں بھی علم نہیں ہے۔
اپوزیشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ اگر وہ اس معاملے پر رضامندی ظاہر کریں تو اس سے خود ان کے لیے بھی نئے سیاسی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
سیاسی مشاورت کے عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ دفاع نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہونے والی ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست ممکنات کا نام ہے اور امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے کوئی قابلِ قبول حل نکل آئے گا۔ خواجہ آصف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران تمام تحفظات اور خدشات اتفاقِ رائے میں تبدیل ہو جائیں گے، جس کے نتیجے میں نئے سال کے دوران ملک میں ایک نیا انتظامی نظام سامنے آ سکتا ہے۔