اقتصادی تعاون تنظیم کا اہم اجلاس اسلام آباد میں جاری، اسلام آباد اعلامیہ اور اسٹریٹجک اہداف زیرِ غور

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کا اہم اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں خطے میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف "وژن 2035” کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود شریک ہیں۔

اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق شرکاء کے سامنے "اسلام آباد اعلامیہ” کو حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ای سی او کے سیکریٹری جنرل تنظیم کی سالانہ کارکردگی اور گزشتہ سرگرمیوں کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کریں گے، جبکہ رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہانِ وفود بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی ترقی اور باہمی روابط پر اپنے نقطہ نظر کا اظہار کریں گے۔

اعلیٰ سطح کے اس اجلاس میں ای سی او کے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تنظیم کے شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور خصوصی اداروں کی رپورٹس کی جانچ پڑتال اور منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ اجلاس میں پہلی ہائی لیول کوآرڈینیشن رپورٹ سے متعلق مجوزہ تجاویز کی منظوری دی جائے گی، جبکہ ای سی او سیکریٹریٹ کے انتظامی و مالی امور اور وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام کا بھی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

سفارتی مصروفیات کے تحت ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات کریں گے، جس کے بعد مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے ایک اہم پریس کانفرنس بھی متوقع ہے، جس میں اجلاس کے فیصلوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں دفتر خارجہ کے مطابق وزارتی اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں ای سی او کے سینئر حکام کا اجلاس سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سینئر حکام کے اجلاس میں وزارتی کونسل کے ایجنڈے اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ تنظیم کے انتظامی و مالی معاملات اور اس کی مجموعی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) 10 رکن ممالک اور تین مبصرین پر مشتمل ایک اہم علاقائی فورم ہے، اور پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون، توانائی، ٹرانسپورٹ اور تجارتی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے