سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کا مشترکہ آپریشن، کراچی میں حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے دو ملزمان گرفتار

کراچی (کیو این این ورلڈ/ نمائندہ خصوصی ڈاکٹر بشیر بلوچ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیار حالت میں آئی ای ڈی اور دستی بم برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کراچی نے وفاقی حساس ادارے کی معاونت سے کارروائی کرتے ہوئے مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کو گرفتار کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی کے کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے اور سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

ترجمان کے مطابق دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہیں کالعدم تنظیم ایس ایل اے کی جانب سے عسکری تربیت دی گئی تھی، جبکہ برآمد ہونے والی آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ بھی تنظیم کی طرف سے فراہم کیے گئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان اپنے کمانڈر دریا خان کی ہدایت پر کراچی پہنچے تھے اور یہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز اور پولیس کی اہم عمارتوں اور دفاتر کی ریکی مکمل کرچکے تھے۔ ملزمان مبینہ طور پر ان مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، تاہم سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی بروقت کارروائی کے باعث ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی میں دو مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات اور انکشافات کی روشنی میں تنظیم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کو سراہتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں کو شاباش دی۔ انہوں نے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور کارروائی میں حصہ لینے والی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کالعدم تنظیم ایس ایل اے کے دو مبینہ دہشت گردوں کی گرفتاری کراچی کو بڑی تباہی سے بچانے کے حوالے سے اہم کامیابی ہے۔ گرفتار ملزمان سے تیار آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ کی برآمدگی پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کا ثبوت ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ دہشت گردی کے ممکنہ منصوبے کو ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔ وفاقی حساس ادارے کی معاونت اور تعاون بھی قابلِ تعریف ہے، کیونکہ مشترکہ حکمت عملی اور مربوط رابطہ کاری کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جائے اور ان کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے وابستہ تمام عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں دہشت گردی اور تخریب کاری کے منصوبے بنانے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردی کا مکمل سدباب حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے سی ٹی ڈی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، کیونکہ پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کاوشیں صوبے میں امن و امان کے استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ناگزیر ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے