قصور (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف طارق نوید سندھو) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ملک میں نظامِ انصاف کو مؤثر اور عوام کی دسترس میں لانے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں، کیونکہ عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے۔ عدالتی نظام میں بہتری، نئے صوبوں کے قیام، آئینی عدالتوں، ہائی کورٹس کے مزید بینچز اور مؤثر بلدیاتی نظام سمیت مختلف تجاویز پر سنجیدہ مکالمے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز زیرِ بحث ہیں، جن میں سپریم کورٹ سے آئینی عدالت کو الگ کرنے، نئے صوبوں کے قیام، ہائی کورٹس کے مزید بینچز بنانے اور مؤثر ضلعی حکومتوں کے قیام جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بعض حلقے ریفرنڈم کی بات کرتے ہیں، جبکہ کچھ کی جانب سے آئینی طریقہ کار اختیار کرنے کی تجاویز دی جا رہی ہیں۔ یہ تمام معاملات جمہوری مکالمے کا حصہ ہیں اور ان پر کھلے دل سے بات ہونی چاہیے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا بنیادی نام ہی بات چیت ہے اور ہر شہری کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے، تاہم دوسروں کی رائے کو احترام سے سننا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ اختلافِ رائے جمہوری معاشرے کا حسن ہے، لیکن اختلاف ہمیشہ دلیل، برداشت اور احترام کے دائرے میں رہنا چاہیے۔
ملک احمد خان نے وکلاء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلاء ہمیشہ جمہوری مکالمے، آئینی بحث اور اختلافِ رائے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ قصور بار بھی قومی اہمیت کے حامل معاملات پر علمی اور قانونی بنیادوں پر اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے قصور بار کے وکلاء کی علمی صلاحیتوں، دلائل اور بحث کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں قابل اور باصلاحیت وکلاء موجود ہیں، جن کی صلاحیتیں کسی سے کم نہیں۔ امید ہے کہ قصور بار مستقبل میں ضلعی سطح کے ساتھ قومی سطح پر بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے وکلاء کو بہتر، خوبصورت اور معیاری ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء کے لیے جدید اور مناسب ورکنگ انوائرمنٹ کی فراہمی متعلقہ ذمہ داران کی ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے بار ایسوسی ایشن کے چیمبرز کی تعمیر کا کام شروع کیا جانا چاہیے تاکہ وکلاء کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے لیے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
ملک احمد خان نے اعلان کیا کہ قصور بار ایسوسی ایشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام میں ملک رشید احمد خان، ملک احمد سعید خان اور ان کی مشترکہ کاوش شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختص کردہ رقم سے چیمبرز کی تعمیر کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ قصور بار کی ترقی اور وکلاء کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عدالتی نظام میں بہتری، آئینی معاملات پر جمہوری مکالمے اور وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ اداروں کو مضبوط اور عوام کو بہتر انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔