سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف مدثر رتو)سیالکوٹ خواتین کی معاشی خود انحصاری کے فروغ کے لیے لیدر پراڈکٹ ڈیویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ، بیداری اور یو این ویمن کے اشتراک سے منعقدہ 60 روزہ تربیتی کورسز مکمل کرنے والی 40 خواتین کو سرٹیفیکیٹس تفویض کر دیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنا کر معاشی طور پر خود مختار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خود انحصاری سے نہ صرف خاندانی معیشت مضبوط ہوتی ہے بلکہ ملکی معیشت اور پائیدار ترقی کو بھی فروغ ملتا ہے۔
تربیتی کورسز کے دوران شرکاء کو ڈیجیٹل و سوشل میڈیا مارکیٹنگ، سلائی کڑھائی، بیوٹیشن اور کوکنگ کی تربیت فراہم کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے اپنی مصنوعات کی تشہیر اور فروخت کے لیے وسیع مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے خواتین کی تیار کردہ معیاری مصنوعات کو لاہور ایکسپو سنٹر میں نمائش کے لیے پیش کرنے اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کی خواہش کا اظہار کیا۔اویس مشتاق نے خواتین کی تیار کردہ دستکاریوں اور مصنوعات کے اسٹالز پر مشتمل مینا بازار کا افتتاح بھی کیا اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے مینا بازار خواتین کو کاروباری مواقع اور ممکنہ خریداروں تک براہ راست رسائی فراہم کرتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر محنت محمد منشاء اللہ بٹ کی قیادت میں محنت کشوں کے لیے لیبر کالونی کے قیام کی غرض سے موزوں اراضی کی تلاش پر جاری کام کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وزیر محنت محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے متحرک ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے ٹریفک سمیت تمام قوانین پر عملدرآمد اور عوامی آگاہی کے ذریعے قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانے پر زور دیا۔