میہڑ (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار منظورعلی جوئیہ) بی سیکشن تھانے کی حدود میں منگوانی روڈ پر بدھ کی رات نامعلوم مسلح افراد نے گولیاں چلا کر ایک مقامی شخص کو قتل کر دیا۔
مقتول کا نام مختیار احمد ولد غلام رسول کوسو بتایا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی بی سیکشن پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے لاش ورثاء کے حوالے کر دی۔
لاش جب گاؤں غلام رسول کوسو میں گھر پہنچی تو خاندان میں ماتم برپا ہو گیا۔ رشتہ داروں اور علاقے کے لوگوں میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
بی سیکشن پولیس کے ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ قتل کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔ علاقے میں چاروں طرف ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور تلاش کا آپریشن جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی قتل کی وجہ یا ملزمان کے بارے میں کوئی ٹھوس معلومات ملیں گی، فوری کارروائی کی جائے گی۔
ورثاء نے بھی فی الحال کوئی بیان نہیں دیا اور پولیس سے تعاون کرنے کا وعدہ کیا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ منگوانی روڈ پر رات کے وقت فائرنگ کے واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں، اس لیے سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے مزید تحقیقات کا عمل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔