مفتی محمود مرکز کی تعمیر میں لیبیا کا پیسہ استعمال ہوا، سرکاری اراضی پر بھی تجاوزات ہیں، ثمر بلور
پشاور(کیواین این ورلڈ): گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے مفتی محمود مرکز کی تعمیر کے لیے لیبیا سے مبینہ فراڈ کے ذریعے رقم حاصل کی۔
ایک بیان میں ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا کہ رنگ روڈ پر واقع مفتی محمود مرکز سے متعلق اہم دستاویزات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق مرکز کی تعمیر میں لیبیا سے حاصل کی گئی رقم استعمال ہوئی، تاہم جائیداد کی ملکیت مولانا فضل الرحمان کے نام پر ظاہر ہو رہی ہے۔
ثمر ہارون بلور کے مطابق مفتی محمود مرکز کی بیرونی تعمیرات سرکاری رائٹ آف وے کی اراضی پر تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں نوٹس جاری ہونے کے باوجود تجاوزات برقرار رہیں جبکہ مئی 2026 میں بھی مرکز کی انتظامیہ کو تجاوزات سے متعلق نوٹس دیا گیا تھا۔
ثمر ہارون بلور نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے قانون کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔