مہمند میں پولیس اہلکاروں پر حملہ، 2 شہید، ایک زخمی
مہمند(کیو این این ورلڈ)مہمند میں انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ مہمند کے علاقے ڈاگ تمانزئی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان نے انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی ڈیوٹی پر جانے والے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکابندی کردی گئی ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔