جناح میڈیکل کمپلیکس کا 59 فیصد تعمیراتی کام مکمل، 403 بستروں پر مشتمل ہسپتال مقررہ تاریخ تک فعال کرنے کا ہدف

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے منصوبے کے تمام اہداف مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس سے متعلق جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، طبی سہولیات، انتظامی امور اور تکمیل کے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اسلام آباد سمیت ملک بھر کے مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ اس منصوبے سے بالخصوص خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریض مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں تمام تقرریاں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی جائیں تاکہ بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کی خدمات حاصل کی جا سکیں۔ انہوں نے ہسپتال کے انتظامی امور چلانے کے لیے کسی مستند نجی ادارے کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

شہباز شریف نے خصوصی طور پر کم آمدن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو جدید تشخیصی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے پی ای ٹی (PET) سکین سمیت دیگر جدید تشخیصی سہولیات کو بھی منصوبے کا اہم حصہ بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر (JMCRC-I) کا مجموعی طور پر 59 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی ہسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ 403 بستروں پر مشتمل ہسپتال کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ہسپتال میں جدید طبی آلات کی تنصیب، ان کی دیکھ بھال، ڈیجیٹل ہسپتال مینجمنٹ سسٹم کے قیام اور دیگر انتظامی امور پر بھی کام جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے