ملک ظاہر شاہ آفریدی کی باڑہ سیاسی اتحاد کے مشران سے ملاقات، سربند اور اورکزئی پولیس کی فائرنگ سے نوجوانوں کی ہلاکت کے معاملے پر گفتگو

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل (ARDC) کے ممبر اور چیف آف اکاخیل ملک ظاہر شاہ آفریدی نے ڈسٹرکٹ پریس کلب باڑہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی باڑہ سیاسی اتحاد کے عہدیداروں اور مشران سے ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر باڑہ سیاسی اتحاد کے مشران نے ملک ظاہر شاہ آفریدی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور علاقے کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں عوامی مسائل اور اہم معاملات کے حل کے لیے اے آر ڈی سی ممبران کی موجودگی، مشاورت اور مؤثر کردار انتہائی ضروری ہے۔

ملاقات کے دوران چیف آف اکاخیل ملک ظاہر شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی عوامی و علاقائی مسائل کے حل کے لیے صفِ اول میں رہ کر خدمات انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اے آر ڈی سی ممبران کے باہمی تعاون، مشاورت اور عوامی حمایت سے علاقے کے بیشتر مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ملاقات میں گزشتہ دنوں سربند پولیس اور اورکزئی پولیس کی مبینہ فائرنگ سے باڑہ کے تین نوجوانوں کی ہلاکت کے واقعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف محکمانہ سطح پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر شرکاء نے ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام، ذمہ داروں کے تعین اور مستقبل میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے