اوچ شریف میں دو حادثات، موٹر سائیکل تصادم میں 32 سالہ شخص جاں بحق، بچی 36 فیصد جھلس گئی

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور نواحی علاقے میں پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو سالہ بچی شدید جھلس کر زخمی ہو گئی۔

اوچ شریف روڈ پر جبار شہید چوکی کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 32 سالہ محمد عارف ولد ناظم حسین شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اہلِ خانہ زخمی کو گاڑی میں ہسپتال لے جا رہے تھے کہ اوچ شریف پھاٹک کے قریب ریسکیو اہلکاروں نے اسے وصول کیا۔ سر پر شدید چوٹ کے باعث اس کی سانس اور نبض نہیں چل رہی تھی، جس پر ریسکیو اہلکاروں نے سی پی آر کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی اور اسے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ جاں بحق ہونے والا محمد عارف موضع معاد رشید، اوچ شریف روڈ کا رہائشی تھا۔

دوسرے واقعے میں نواحی علاقے بستی لوہاران، نوشہرہ جدید میں کھیلتے ہوئے دو سالہ بچی گرم تنور میں گر کر شدید جھلس گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچی کی شناخت بشریٰ بی بی دختر محمد اشرف کے نام سے ہوئی، جس کی دونوں ٹانگیں جھلسنے کے باعث جسم کا تقریباً 36 فیصد حصہ متاثر ہوا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعدازاں اسے مزید علاج کے لیے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور منتقل کیا جا رہا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے وقت تنور روٹیاں پکانے کے لیے گرم کیا گیا تھا۔ روٹیاں لگانے کے بعد اہلِ خانہ تنور کے قریب موجود نہیں تھے، جبکہ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل بچی کو تنور سے نکال لیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے