پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت شانگلہ میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اور اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حادثے کے بعد کی صورتحال اور امدادی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظاہر شاہ، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے (PDMA) اور دیگر متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اقبال حسین اور ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور گورنر فیصل کریم کنڈی کو حادثے کی جزئیات، جانی و مالی نقصانات اور جاری امدادی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے حکام کو سخت ہدایت کی کہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے فوری طور پر مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو طے شدہ معاوضے کی ادائیگی بغیر کسی تاخیر کے فوری ممکن بنائے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے باعث خطرات سے دوچار اور حساس مقامات پر شہریوں کے جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے یا حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامی حکام کو بلاامتیاز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن تیز اور بلا تعطل جاری رکھنے کا حکم دیا تاکہ عوامی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔