اوچ شریف کے قریب ٹرالر اور موٹر سائیکلوں کے تصادم میں دو افراد جاں بحق، ایک شدید زخمی؛ ملوث گاڑیاں فرار

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف انٹرچینج کے قریب پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق تین افراد اپنا ٹرالر انٹرچینج پر کھڑا کرکے موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی دوسری موٹر سائیکل سے شدید ٹکراؤ ہوا۔ اس ٹکراؤ کے نتیجے میں تینوں افراد سڑک پر گر پڑے اور اسی دوران قریب سے تیز رفتار گزرنے والا ٹرالر ان پر چڑھ گیا۔

حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ تیسرے شخص کی دونوں ٹانگیں فریکچر ہوگئیں اور وہ شدید زخمی حالت میں تھا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ وسیم ولد اظہر حسین اور 30 سالہ منیر ولد تلی حسین کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمی شخص کی شناخت 42 سالہ مطیع الرحمٰن ولد محمد قاسم کے نام سے کی گئی۔ تینوں افراد کا تعلق تحصیل علی پور، ضلع مظفرگڑھ سے ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیں جبکہ زخمی مطیع الرحمٰن کو ریسکیو 1122 علی پور کی ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ریسکیو رپورٹ کے مطابق حادثے میں ملوث دوسری موٹر سائیکل اور ٹرالر موقع سے فرار ہوگئے اور اب تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ پولیس بھی جائے حادثہ پر موجود تھی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں ٹریفک حادثات کی شرح بڑھ رہی ہے اور سڑک کی حالت اور رفتار پر کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے