ریلی کے دوران تینوں اضلاع (لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ) میں ثقافتی شوز، فیملی گالا، جھمر، میوزیکل نائٹس، نیزہ بازی اور روایتی کھیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا

لاہور (کیو این این ورلڈ): ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے تحت گیارہویں تھل ڈیزرٹ ریلی 5 سے 8 نومبر 2026 تک لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے صحرائے تھل میں منعقد ہوگی۔ اس چار روزہ ایڈونچر ایونٹ میں ملکی اور غیر ملکی ریسرز 210 کلومیٹر طویل مشکل ٹریک پر مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔

منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا کے مطابق ریلی کا بنیادی مقصد ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا، جنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیاحوں اور شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات جاری ہیں اور متعلقہ ادارے مکمل تیاریوں میں مصروف ہیں۔

شیڈول کے مطابق 5 نومبر کو چھانگا مانگا ٹیلا، کوٹ ادو میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، تکنیکی اور طبی معائنہ ہوگا جبکہ شام کو ٹی ڈی سی پی ڈولفن ریزورٹ، تونسہ بیراج میں ڈرائیورز کانفرنس اور قرعہ اندازی منعقد ہوگی۔ ریلی کا کوالیفائنگ راؤنڈ 6 نومبر کو ہوگا جبکہ 7 نومبر کو سٹاک کیٹیگری کی ریس منعقد کی جائے گی۔

اسی شام ڈولفن ریزورٹ میں ثقافتی پروگرام اور آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ 8 نومبر کو پری پیئرڈ، ویمن، ڈرٹ بائیک، کواڈ بائیک اور 6×6 کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے جبکہ تقریب تقسیم انعامات رات 8 بجے سرکٹ ہاؤس مظفرگڑھ میں منعقد ہوگی۔ریلی کے دوران تینوں اضلاع میں ثقافتی شوز، فیملی گالا، جھمر، میوزیکل نائٹس، نیزہ بازی اور روایتی کھیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

ٹی ڈی سی پی کے مطابق تھل ڈیزرٹ ریلی جنوبی پنجاب کی سیاحت، ثقافت اور مقامی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یہ ایونٹ صحرائی علاقوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرواتے ہوئے ایڈونچر ٹورازم کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، طبی امداد اور دیگر انتظامات پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ ایونٹ کامیابی سے مکمل ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے