خیبرپختونخوا میں 15 اکنامک زونز فعال، مزید 7 کے قیام کی منصوبہ بندی، ایک لاکھ 7 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا دعویٰ

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں صنعتی ترقی کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور اکنامک زونز کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور صوبائی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے، کاروباری معاملات آسان بنانے اور اکنامک زونز کی فعالیت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر زور دیا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر صنعت محمد ارشاد، سیکرٹری صنعت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر کو کمپنی کے انتظامی ڈھانچے، کارکردگی، کامیابیوں، مستقبل کے اہداف، اکنامک زونز، محاصل اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 15 اکنامک زونز فعال ہیں، جبکہ مزید 7 اکنامک زونز قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بریفنگ کے مطابق کمپنی اب تک تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کر چکی ہے۔ اجلاس میں مختلف اکنامک زونز کو درپیش مسائل کے علاوہ یکہ غنڈ ماربل سٹی، کاٹلنگ اکنامک زون اور دیگر مجوزہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صنعتی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے جامع اور قابلِ عمل حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو فروغ دے کر صوبے کے عوام کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں، جبکہ صنعتی سرگرمیوں میں اضافے سے صوبائی معیشت کو مستحکم بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں صنعتوں کے فروغ کے لیے نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی اور زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو خیبرپختونخوا کی جانب راغب کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ہدایت کی کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں اور کاروباری معاملات کو آسان بنایا جائے تاکہ نجی شعبہ صوبے کی صنعتی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔

گورنر نے اکنامک زونز کو درپیش فنکشنل مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نئے اکنامک زونز کے لیے زمینوں کی خریداری اور ادائیگیوں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے محکمہ خزانہ کے ساتھ مشاورت کی جائے اور قابلِ عمل تجاویز پیش کی جائیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اکنامک زونز کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کیے جائیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لے کر ان کے مسائل سنے جائیں اور ان کے حل کے لیے ٹھوس اور قابلِ عمل فیصلے کیے جائیں۔ گورنر نے مزید کہا کہ وفاقی محکموں سے متعلق معاملات وفاقی حکومت کے ساتھ اٹھائے جائیں اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

فیصل کریم کنڈی نے اکنامک زونز میں سیکیورٹی خدشات، مقامات کے انتخاب اور دیگر انتظامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض اکنامک زونز ایسے علاقوں میں واقع ہیں جہاں امن و امان کے مسائل درپیش ہیں، اس لیے ان مسائل کا جامع جائزہ لے کر مناسب حل تلاش کیا جائے تاکہ ان زونز کو فعال بنایا جاسکے اور وہاں صنعتی سرگرمیوں کا آغاز ممکن ہو۔

گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اکنامک زونز کے مالیاتی مسائل اور قانونی تنازعات کے حل کے لیے کارروائی تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی زونز کی فعالیت میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرکے زیرِ التوا معاملات پر جلد پیش رفت یقینی بنائی جائے تاکہ صوبے میں صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے طے شدہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے