ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مجاہد اقبال کھوسہ ) ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں بارڈر ملٹری پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آئس منشیات اسمگل کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کو پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران دو افغان خواتین سمیت چار افراد کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی آئس منشیات برآمد کر لی گئی۔ ملزمان بلوچستان سے پنجاب کے راستے خیبر پختونخوا کے علاقے چترال منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
بارڈر ملٹری پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ راکھی گاج میں منشیات اور فارنرز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگلنگ کے اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور اس کی سرپرستی کرنے والوں تک پہنچا جا سکے۔
کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ انجم نے رسالدار تمن لغاری عبداللہ خان لغاری اور سرکل آفیسر لیاقت عباس لغاری کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار افراد میں دو خواتین اور ایک مرد کا تعلق افغانستان سے ہے، جبکہ ایک مبینہ اسمگلر بلوچستان کا رہائشی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ افغان باشندوں پر مشتمل مبینہ نیٹ ورک بلوچستان سے پنجاب کے راستے خیبر پختونخوا کے علاقے چترال تک آئس منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جسے بارڈر ملٹری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد اور اس کی سرپرستی کرنے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
کیپٹن ریٹائرڈ حمزہ انجم نے کارروائی میں حصہ لینے والی بارڈر ملٹری پولیس کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی۔
