وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سمبڑیال میں کھلی کچہری، کمشنر محمد علی نے شہریوں کی شکایات سنیں

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ بیورو چیف – محمد رمضان نوشاہی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر عوام الناس کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کے دفتر کے لان میں ایک شاندار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

کھلی کچہری میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے خصوصی شرکت کی اور شہریوں کی مسائل پر مبنی درخواستیں ذاتی طور پر وصول کیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین اور اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر سمیت تمام انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے ریونیو، محکمہ مال، ستھرا پنجاب، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ، پیرا فورس، زراعت، جنگلات، ہائی وے اور لینڈ ریکارڈ جیسے مختلف اہم محکموں سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔ کمشنر محمد علی نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو طلب کر کے شہریوں کے سامنے ان کے جوابات لیے اور فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ محمد علی کا کہنا تھا کہ "کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد شہریوں کو فوری اور آسان انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں کی جوابدہی کو یقینی بنانا ہے۔ ہم خود شہریوں کے پاس جا کر ان کے مسائل سن رہے ہیں تاکہ موقع پر داد رسی ممکن بنائی جا سکے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہری میں جتنی بھی درخواستیں وصول ہوئی ہیں، ان پر جاری کیے گئے احکامات کا باقاعدگی سے فالو اپ لیا جائے گا۔ تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر فوری عملدرآمد کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کریں، جبکہ تمام انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر اپنے دفاتر میں شہریوں کے مسائل سننے کا اہتمام کریں۔

کھلی کچہری کے بہترین اور شفاف انعقاد پر سمبڑیال بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور مقامی شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے