گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں امن و امان کی فضا کو بحال رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں بڑے پیمانے پر سرچ اور کومبنگ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران شہر کے حساس علاقوں، بشمول جیل کالونی اور ٹانوری پلاٹ، سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر سخت سنیپ چیکنگ اور ہوٹلوں کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن عبدالوحید بھٹو کی سربراہی میں عمل میں لائی جا رہی ہے، جس میں بی سیکشن، عادلپور، سرحد، گیمڑو اور کچو بنڈی تھانوں کے ایس ایچ اوز بھاری نفری کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران عوامی مقامات اور ہوٹلوں میں موجود افراد کی جانچ پڑتال جدید ‘تلاش ایپ ڈیوائس’ کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان کا کرائم ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ دورانِ تلاشی بغیر دستاویزات کے گھومنے والی متعدد موٹر سائیکلوں کو بھی پولیس نے اپنے قبضہ میں لے کر ان کی قانونی ویریفکیشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔
گھوٹکی پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع میں قانون کی بالادستی قائم کرنا، عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور بلا تفریق جرائم کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ سماجی برائیوں اور جرائم پیشہ افراد کے مکمل قلع قمع تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔