راولپنڈی میں موسلادھار بارش، واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات

اسلام آباد / راولپنڈی (کیو این این ورلڈ)اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کر دی، جبکہ واسا نے نکاسی آب کے لیے تمام متعلقہ عملے اور فیلڈ افسران کو متحرک کر دیا ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق راولپنڈی میں شدید بارش کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے اور تمام فیلڈ افسران کو اپنے علاقوں میں موجود رہنے اور نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران شہریوں کو مشکلات سے بچانے اور نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کے لیے واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری مختلف مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔ متعلقہ ٹیمیں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے، تاہم بارش کے پیش نظر نالے کی سطح اور پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 5 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 2 فٹ ہے۔ واسا حکام کے مطابق موجودہ صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ بارش میں اضافے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

انتظامیہ اور واسا کی جانب سے فیلڈ عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے ضروری وسائل دستیاب رکھے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *