وفاقی محتسب کی ہدایت پر ننکانہ صاحب میں عوامی شکایات کی سماعت

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ / بیورو چیف احسان اللہ ایاز )وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ کی خصوصی ہدایت پر وفاقی محتسب فیصل آباد زون کے ڈپٹی رجسٹرار یاسر شبیر ملک نے ننکانہ صاحب میں مختلف وفاقی محکموں سے متعلق عوامی شکایات کی سماعت کی، جہاں فریقین کا مؤقف سننے کے بعد 38 درخواست گزاروں کو ریلیف فراہم کیا گیا۔

یہ سماعت لیسکو آفس ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی، جس میں بجلی، سوئی گیس، نادرا، پوسٹ آفس اور پاسپورٹ سے متعلق شکایات پیش کی گئیں۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان کا مؤقف سنا گیا اور شکایات کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی رجسٹرار نے لیسکو سے متعلق 26، سوئی گیس سے متعلق 5، نادرا سے متعلق 4 جبکہ پوسٹ آفس اور پاسپورٹ سے متعلق ایک، ایک شکایت کی سماعت کی۔ مجموعی طور پر 38 درخواست گزاروں کو شکایات کے ازالے کی صورت میں ریلیف فراہم کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی رجسٹرار وفاقی محتسب فیصل آباد زون یاسر شبیر ملک نے کہا کہ وفاقی محکموں میں بہتری اور عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی وفاقی محتسب کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کی ہدایت پر عوام کے پاس جاکر ان کی شکایات سنی جا رہی ہیں اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

یاسر شبیر ملک نے وفاقی محکموں کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ دفاتر آنے والے شہریوں کے ساتھ شائستگی اور مہذب انداز میں پیش آیا جائے اور ان کے ہر جائز مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے سے نہ صرف شہریوں کو ریلیف ملتا ہے بلکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بہتر ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے