خیبر (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار نورحلیم آفریدی) وادی تیراہ سندانہ اپر باڑہ کے مشران اور نوجوانوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی اور ایم پی اے عبدالغنی آفریدی سے علاقے کے درپیش مسائل کے فوری حل کا زوردار مطالبہ کیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دس گیارہ سال کی طویل نقل مکانی کے بعد جب وہ چار سال قبل اپنے علاقوں میں واپس لوٹے تو ان کا سب کچھ تباہ و برباد ہو چکا تھا۔ اس کے باوجود پی ڈی ایم اے نے ان کی رجسٹریشن نہیں کی اور واپسی کے وقت بطور متاثرین تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کسی قسم کا تعاون فراہم نہیں کیا۔
متاثرین نے نشاندہی کی کہ علاقے میں مکانات کا سروے ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا ہے، جبکہ سکول، ہسپتال، پینے کا صاف پانی، دریا پر گاڑیوں کے لیے رابطہ پل اور زرعی زمینوں کے لیے واٹر چینلز کی پختگی جیسے شدید مسائل کا سامان ہے۔
علاقے کے مشران اور نوجوانوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور ایم پی اے عبدالغنی آفریدی ان کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں گے اور ان کے علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی انہی کے دورِ حکومت میں ممکن ہو سکے گی۔