حاجی ظریف شینواری کی بازیابی پر شاہ حسین شینواری کا سیاسی رہنماؤں، عوام اور صحافیوں سے اظہار تشکر

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/ بیورورپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی رہنما شاہ حسین شینواری نے کہا ہے کہ حاجی محمد ظریف شینواری عرف لنڈے شینواری کی اغوا کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دینے اور ان کی بازیابی کے لیے کردار ادا کرنے والے تمام سیاسی و غیر سیاسی رہنماؤں، عوامی نمائندوں، مشران، سماجی و فلاحی شخصیات اور ضلع خیبر کے عوام کے مشکور ہیں۔

ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں خاندان کے سرکردہ مشران کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ حسین شینواری نے کہا کہ حاجی محمد ظریف شینواری کی اغوا کے خلاف جدوجہد اور ان کی رہائی کے لیے پریس کلب کے صحافیوں نے جس مثبت اور مؤثر انداز میں میڈیا کوریج کی، وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے کر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔

شاہ حسین شینواری نے کہا کہ ان کی جدوجہد کا مثبت نتیجہ سامنے آنے پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح قوم نے مشکل وقت میں ان کے خاندان کا ساتھ دیا، اسی طرح مستقبل میں بھی اگر قوم کو کسی مشکل صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تو وہ اپنی قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں مختلف قسم کے اشارے مل رہے ہیں۔ اگر ان کے خاندان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو یہ ایک سازش ہوگی۔

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ سیاسی لوگ ہیں اور تمام مسائل کو قانونی طریقے اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم ایسی کسی بھی کارروائی کے لیے وہ ذہنی طور پر تیار ہیں۔

شاہ حسین شینواری نے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قسم کی سازش یا دباؤ سے نہیں ڈرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سازشوں کے پیچھے جو بھی عناصر ہیں، وہ ان کے دشمن ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا خاندان کسی بھی ملک دشمن سرگرمی میں ملوث نہیں، اس کے باوجود اگر ان کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو اسے وہ انتقامی کارروائی سمجھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے