تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر بروقت انسانی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے: محمد اکرم پنوار

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف احسان اللہ ایاز)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی قیادت میں عالمی یومِ ابتدائی طبی امداد "پاک لائف سیورز” پروگرام کے تحت منایا گیا۔ اس کا مقصد عوام میں ابتدائی طبی امداد کی اہمیت اجاگر کرنا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت فراہم کرنا تھا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کے مشن "پاک لائف سیورز پروگرام” کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تربیت یافتہ فرسٹ ایڈر بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے قیمتی انسانی جان بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں جائے وقوعہ کے قریب موجود افراد کی بنیادی تربیت اور آگاہی انتہائی کارآمد ثابت ہوتی ہے۔ اگر فرسٹ ریسپانڈر مریض کو درست طریقے سے ابتدائی طبی امداد فراہم کرے تو اس کی زندگی بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جبکہ غیر تربیت یافتہ افراد کی جانب سے غلط طریقے سے فراہم کی جانے والی مدد موت یا مستقل معذوری کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ عالمی یومِ ابتدائی طبی امداد کے موقع پر ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کی متعدد ٹیمیں ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز، بابا گورونانک یونیورسٹی، کالجز، سکولز، دینی مدارس اور مختلف عوامی مقامات پر طلبہ و طالبات اور شہریوں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل کی سطح تک CERT ٹیموں کے تعاون سے "پاک لائف سیورز” پروگرام کے تحت وسیع پیمانے پر آن لائن رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت سے منسلک کرنا ہے۔

اس موقع پر عالمی یومِ ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ واک کے شرکاء نے ابتدائی طبی امداد کی اہمیت اور ضروری آگاہی پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے عالمی یومِ ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے عوام میں آگاہی اور تربیت کی اہمیت اجاگر کرنے میں کردار ادا کرنے پر الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے