ملہن شر تذلیل کیس: سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور اہلکار نثار مہر دو روزہ ریمانڈ پر

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری)دیہاتی ملہن شر پر مبینہ تشدد اور تذلیل کے کیس میں سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور پولیس اہلکار نثار مہر کو آندل سندرانی پولیس نے گرفتار کرکے ہتھکڑیوں میں گھوٹکی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں پولیس نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے پولیس کی درخواست پر سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور اہلکار نثار مہر کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پولیس دونوں ملزمان کو سخت سکیورٹی اور پولیس پروٹوکول میں گاڑی کے ذریعے لے گئی۔

دوسری جانب کیس کی کوریج کے لیے عدالت کے باہر موجود صحافیوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں کوریج سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ صحافیوں کے مطابق ایس ایچ او آندل سندرانی اعجاز جسکانی کی جانب سے مبینہ طور پر بدتمیزی، دھکے دینے اور دھمکانے کا واقعہ پیش آیا، جس پر صحافیوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

واقعے کے خلاف صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور مبینہ بدسلوکی کے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار افسر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

صحافیوں نے خبردار کیا کہ اگر واقعے کا فوری نوٹس لے کر مناسب کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملہن شر سے متعلق کیس میں عائد الزامات کی حتمی حیثیت تفتیش مکمل ہونے اور عدالت کے فیصلے کے بعد ہی واضح ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے