پی کے 71 میں 200 تک ترقیاتی منصوبے مکمل و افتتاح کیے جائیں گے، محب اللہ آفریدی

خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار نورحلیم آفریدی) ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کی ہدایت پر قوم اکاخیل کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اکاخیل گڈ ملنگ میں ٹیوب ویل اور سولرائزیشن منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا، جبکہ مزید دو ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی متوقع ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی ترجمان محب اللہ آفریدی نے کہا کہ 25 ستمبر تک پی کے 71 کے مختلف علاقوں اور اقوام میں تقریباً 150 سے 200 ترقیاتی منصوبوں کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مختلف حصوں میں دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے مقامی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو درپیش بنیادی مسائل کا ازالہ اور پسماندہ علاقوں میں سہولیات کی فراہمی بہتر بنانا ہے۔ ٹیوب ویل اور سولرائزیشن جیسے منصوبوں سے مقامی آبادی کو پانی اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں سہولت میسر آئے گی۔

تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی ترجمان محب اللہ آفریدی، قوم اکاخیل فوکل پرسن ٹو ایم پی اے ملک عبداللہ آفریدی، تاج محمد، چیئرمین عابد، حاجی قمبر خان، پی ایچ ای ایس ڈی او اصغر خان، انجینئر فدا محمد، معروف کنٹریکٹر محمد آمین آفریدی سمیت دیگر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور علاقہ مکین موجود تھے۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی اور عوام کو درپیش متعدد مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کو علاقے کی ضروریات کے مطابق اہم قرار دیتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔

مقامی مشران نے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور ممبر صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ علاقے میں عوامی فلاح و بہبود کے مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے