خاران(کیو این این ورلڈ) آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی جانب سے ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے فرار کے تمام ممکنہ راستے محدود کر دیے گئے ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے دستے خاران کے مختلف مقامات پر موجود ہیں اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے علاقے میں مشتبہ مقامات کی تلاشی اور دہشتگردوں کی موجودگی کے امکانات کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کے لیے علاقے میں نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات بھی سخت کر دیے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشتگرد عناصر کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مطلوبہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔