ڈیرہ غازیخان (کیو این این ورلڈ) ملک بھر میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت، عید میلادالنبی ﷺ، مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام اور روحانی کیفیت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں گلیاں، محلے، بازار، شاہراہیں، مساجد اور سرکاری و نجی عمارتیں سبز جھنڈیوں، برقی قمقموں اور خوبصورت چراغاں سے سجائی گئی ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
یوم ولادت رسول اکرم ﷺ کے موقع پر لاہور میں دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے نماز فجر کے بعد 21 توپوں کی سلامی پیش کی، اس موقع پر فوجی جوانوں کی جانب سے نعرہ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔
کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں مرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جبکہ صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے کے قریب برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پہنچے گا، جہاں عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
دوسرا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر نشتر پارک میں میلادالنبی ﷺ کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔
اس کے علاوہ نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے بھی جلوس برآمد ہوگا، جو مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے روانہ ہوگا اور عصر کے وقت آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران کسی بھی قسم کی زحمت سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈائیورژن کے مقامات پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز شہر میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہوگی۔
جشن میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں مساجد کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جہاں درود و سلام، نعت خوانی اور میلاد کی محافل کا سلسلہ جاری ہے۔ گلی محلوں، مساجد اور مختلف اجتماعات سے بلند ہونے والی نعتوں اور درود و سلام کی صداؤں نے فضا کو روحانی کیفیت سے بھر دیا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، سکھر سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں جشن میلادالنبی ﷺ کی مناسبت سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کئی مقامات پر نیاز اور لنگر تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ملک بھر میں مختلف مقامات پر میلاد کی محافل، جلوس اور مذہبی اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں عوام حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے جشن ولادت میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔
عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مختلف شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے روٹس پر اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ عاشقان رسول ﷺ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جاسکے۔
ملک بھر میں ہر سمت سبز پرچم لہرا رہے ہیں، مساجد، بازار اور شاہراہیں روشنیوں سے جگمگا رہی ہیں اور درود و سلام کی صداؤں سے فضائیں معطر ہیں۔ جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر عاشقان رسول ﷺ کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔