پمز ہسپتال واقعے پر وزیراعظم متحرک، 8 رکنی انکوائری کمیٹی قائم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے پمز ہسپتال میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ حکام اور اداروں کے سربراہان کو وزیراعظم ہاؤس طلب کرلیا، جہاں واقعے کی صورتحال اور اب تک ہونے والی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ہنگامی اجلاس میں پمز ہسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کی وجوہات، حفاظتی انتظامات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں 8 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی آتشزدگی کے اسباب، ہسپتال میں موجود حفاظتی انتظامات اور واقعے کے دوران متعلقہ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لے گی۔

انکوائری کمیٹی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل، ایس پی سٹی، اسسٹنٹ کمشنر آئی نائن اور ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے بھی شامل ہیں، جبکہ آئیسکو اور پمز ہسپتال کے متعلقہ افسران کو بھی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق انکوائری کمیٹی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد 24 گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، جس میں آگ لگنے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور حفاظتی انتظامات سے متعلق تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وہ پمز ہسپتال کی انتظامیہ اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ واقعہ کسی کی لاپرواہی یا غفلت کے باعث پیش آیا تو ذمہ دار شخص کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران واقعے میں ان کی اپنی کوئی غلطی یا کوتاہی سامنے آئی تو انہیں بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے