ڈھاکا (کیو این این ورلڈ): بنگلادیش نے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی بھارت سے حوالگی تک وزیراعظم طارق رحمان بھارت کا دورہ نہیں کریں گے۔
بنگلادیشی وزارتِ خارجہ کے عہدیدار اے کے ایم شاہد الکریم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم طارق رحمان کے آئندہ ہفتے بھارت کے ممکنہ دورے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے دورے کے لیے پہلے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
اے کے ایم شاہد الکریم کے مطابق بنگلادیش نے بھارتی حکام پر زور دیا ہے کہ وہ شیخ حسینہ واجد اور دیگر مفرور ملزمان کی حوالگی کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔
خیال رہے کہ 2024 میں عوامی انقلاب کے بعد اس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد بھارت فرار ہوگئی تھیں، جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بنگلادیشی حکومت شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے بھارت سے متعدد بار باضابطہ درخواست کرچکی ہے۔
بنگلادیش میں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد شیخ حسینہ کو سزائے موت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بھارت کا مؤقف ہے کہ بنگلادیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا قانونی طریقہ کار کے تحت جائزہ لیا جا رہا ہے اور معاملہ فی الحال زیرِ غور ہے۔