بلال یاسین کا شمسی انڈر پاس گوجرانوالہ کا معائنہ، تمام وسائل سے انڈر پاس بحال کرنے کا حکم

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے لاہور اور مریدکے میں بارش کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد رات گئے گوجرانوالہ کا ہنگامی دورہ کیا۔ انھوں نے شمسی انڈر پاس، سیالکوٹ روڈ، واسا دفتر اور پیپلز کالونی سمیت مختلف حساس علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی عمر فاروق ڈار اور کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ واسا کے متعلقہ افسران نے وزیر ہاؤسنگ کو شہر میں بارشی پانی کی نکاسی اور جاری فیلڈ آپریشنز کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ بلال یاسین نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب مشینری اور افرادی قوت کو مکمل طور پر بروئے کار لاتے ہوئے شمسی انڈر پاس کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے میڈیا اور افسران سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے تمام نشیبی علاقوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر نکاسی آب کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کے نکاس کے لیے ڈسپوزل اسٹیشنز، پمپنگ مشینری اور واسا کا فیلڈ عملہ مسلسل متحرک ہے۔ رواں مون سون سیزن کے دوران معمول سے زائد بارشیں متوقع ہیں، تاہم جدید اور نئی مشینری کی آمد سے فیلڈ آپریشنز کی کارکردگی میں مزید بہتری اور وقت کی بچت ہوگی۔

وزیر ہاؤسنگ کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، واسا اور دیگر تمام ادارے پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور حالات پر مکمل کنٹرول برقرار ہے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ بارش کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور واسا افسران فیلڈ میں متحرک دکھائی دیے ہیں، جن کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو سہولت کی فراہمی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے