لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نصیب شاہ شینواری) ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) ارشاد علی کے ہمراہ پاک افغان شاہراہ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی اور ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیبر نے متعلقہ حکام سے بریفنگ لیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی رفتار اور انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیر نگرانی حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث پاک افغان شاہراہ کے مختلف حساس مقامات پر ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، خیبر پولیس اور سول ڈیفنس کے رضاکار تعینات کیے گئے ہیں، جو ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے ضلع بھر کے انتظامی افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ متاثرہ علاقوں کے مسلسل دورے کریں، ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کریں اور متاثرہ خاندانوں تک امدادی کٹس سمیت ضروری اشیائے خورونوش اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور بارشوں سے متاثرہ شہریوں کی مدد اور بحالی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کر رہے ہیں۔