پاک چین فارماسوٹیکل کانفرنس: صحت کے شعبے میں 44 کروڑ ڈالر کے معاہدے، سی پیک ٹو کے فروغ کی جانب اہم قدم

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں حالیہ بحران نے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کو شدید متاثر کیا ہے۔ اسلام آباد میں پاک چین فارماسوٹیکل بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے ہمیشہ کلیدی اور اہم کردار ادا کیا ہے، جس کی واضح مثال ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمی یادداشت میں پاکستان کا ثالثی کردار ہے۔ مصالحتی عمل میں فیلڈ مارشل کی انتھک کوششیں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب کے دوران چین کو پاکستان کا نہایت قابلِ اعتماد، مخلص اور لازوال دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کی پاکستان میں سیکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے دوران صحت کے شعبے میں 44 کروڑ ڈالر سے زائد کے تجارتی معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ حالیہ سرمایہ کاری سی پیک فیز ٹو (CPEC 2) کے فروغ اور معاشی ترقی کی جانب ایک اور سنگِ میل ثابت ہوگی۔

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ ان کی سربراہی میں پاکستان کی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور اس میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے چین پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، کیونکہ پاکستان میں صحت کے شعبے میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی رہنمائی اور متحرک قیادت کی بدولت تمام متعلقہ محکمے ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں اور اس کامیاب بزنس کانفرنس کا انعقاد بھی وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کا عکاس ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ اس اہم دورے کی بدولت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی تعاون کے بے شمار نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں جو ملکی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے