صادق آباد (کیو این این ورلڈ): صادق آباد کے نواحی علاقے چک نمبر 186 میں گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے اپنے چار بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی۔ افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے نہر سے زندہ نکال لیا گیا، تاہم تیز بہاؤ کے باعث اس کے چاروں بچے نہر میں بہہ گئے اور لاپتہ ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ اہل خانہ اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاپتہ ہونے والے بچوں میں 10 سالہ علی حسن، 7 سالہ طیبہ، 4 سالہ آیان اور 2 سالہ علی عمر شامل ہیں۔ بچوں کی تلاش کے لیے نہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن جاری ہے اور غوطہ خوروں سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ لاپتہ بچوں کی تلاش تک ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ واقعے پر اہل علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔