کوئٹہ(کیو این این ورلڈ) بلوچستان سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے۔ محکمہ ریلوے کے مطابق دو روزہ معطلی کے بعد ٹرین آپریشن دوبارہ معمول کے مطابق شروع کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ ناگزیر وجوہات کے باعث 18 اور 19 مئی کو بلوچستان سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل کی گئی تھی، جس کے دوران کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس دو روز کیلئے منسوخ رہی جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو جیکب آباد تک محدود رکھا گیا تھا۔
حکام کے مطابق ٹرین سروس کی بحالی کے بعد جعفر ایکسپریس آج اپنے مقررہ وقت صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور کیلئے روانہ ہوگی۔ اسی طرح پشاور سے آنے والی ٹرین بدھ کی سہ پہر کوئٹہ پہنچے گی۔
محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرین آپریشن کی بحالی کے بعد مسافروں کو معمول کے مطابق سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور تمام شیڈول بحال کر دیا گیا ہے۔