خیبر: پولیس کی مختلف کارروائیاں، موٹر سائیکل اسنیچر گینگ کے سرغنہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور مجرمان اشتہاریوں کے خلاف مہم تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں جمرود اور باڑہ پولیس نے الگ الگ کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب تین ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی میں ایس ایچ او جمرود صدیق خان کی سربراہی میں سب انسپکٹر بخت منیر نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ میں مطلوب ملزم فاروق کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف رائفل بھی برآمد کر لی ہے اور اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

دوسری کارروائی میں ایس ایچ او باڑہ جاوید آفریدی نے تھانہ باڑہ میں درج روزنامچہ کی روشنی میں پولیس نفری کے ہمراہ مختلف مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ اس دوران موٹر سائیکل اسنیچر گینگ کے سرغنہ سمیت دو ملزمان بلال اور صابر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

ایس ایچ او باڑہ کے مطابق مدعی سجاد حسین، جو کریم بائیک ڈرائیور ہے، سے نوگزی بابا کے علاقے میں اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل چھینی گئی تھی جس پر پولیس نے فوری اقدام کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گینگ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے