اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغامات میں اس دن کو اللہ کے انعامات پر ‘شکر کا دن’ قرار دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوٹوک موقف اپنایا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار استحکام ممکن نہیں، جبکہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور جراتمندانہ فیصلوں کو کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے پاک فضائیہ کے شاہینوں اور پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں کو قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوششوں کو ‘آبی دہشت گردی’ سے تعبیر کرتے ہوئے واضح کیا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔ مزید برآں، انہوں نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان یا کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور ثابت کیا کہ پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ ہی جھکایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی حکمت عملی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نے ہر محاذ پر پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ‘خوارج’ اور ‘فتنہ الہندوستان’ کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کا بھی ذکر کیا، خاص طور پر ایران اور امریکہ کے تنازع میں پاکستان کے ثالثی کردار اور امن کی کوششوں کو عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کو سراہا۔ صدر اور وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر ابھرا ہے جس نے دشمن کی جارحیت کا متوازن جواب دے کر اپنی دفاعی برتری کا لوہا منوا لیا ہے۔