گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈہرکی میں پاک۔بھارت جنگ کے دوران بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے وطن کے سپوت مختیار احمد لغاری کی پہلی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ضلعی انتظامیہ گھوٹکی کی جانب سے گاؤں کریم بخش لغاری میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت سندھ جام اکرام ﷲ خان دھاریجو، چیئرمین ضلع کونسل بنگل خان مہر، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی، کرنل ذیشان حیدر کاظمی، ایس ایس پی محمد انور کھیتران، شہید کے ورثاء، معززین علاقہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر جام اکرام ﷲ خان دھاریجو نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران شہید ہونے والے مختیار احمد لغاری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور پاک فوج کے ان جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملک کو محفوظ بنایا جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنا چاہتا تھا مگر آج خود بھارت تنہا کھڑا ہے، جو پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا نتیجہ ہے۔
چیئرمین ضلع کونسل بنگل خان مہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہادت کا عظیم رتبہ خوش نصیبوں کو ملتا ہے اور شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
کرنل ذیشان حیدر کاظمی نے کہا کہ شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں اور مختیار احمد لغاری کی قربانی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا ہر فرد وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
تقریب کے دوران شہید کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی عابد قمر، مختیارکار اشرف علی پتافی، اسسٹنٹ مختیارکار خلیل احمد سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔