میرپورخاص (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص کے سول ہسپتال میں سیکیورٹی اور انتظامی معاملات پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں، جہاں اکاؤنٹ انچارج اور دیگر عملے کے خلاف مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع اور عوامی حلقوں کے مطابق ہسپتال میں عملے کی بھرتیوں کے دوران پولیس ویریفکیشن اور شناختی دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔ الزام ہے کہ بعض افراد کو بغیر مطلوبہ اہلیت اور تجربے کے اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جس سے مریضوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
مزید برآں، اقربا پروری کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جن کے تحت ایک ہی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر بھرتی کیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کے مطابق اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ نہ صرف بدانتظامی بلکہ میرٹ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ حساس مالی و انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں میں شفافیت کیوں نہیں برتی گئی اور متعلقہ حکام کی خاموشی تشویش کا باعث ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوری توجہ نہ دی گئی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
شہریوں اور متاثرہ افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس پی میرپورخاص فوری طور پر ان الزامات کی شفاف انکوائری کرائیں اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ محض انتظامی نوعیت کا نہیں بلکہ شہریوں اور مریضوں کے تحفظ سے جڑا ہوا ہے، جس پر فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔