ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب کے علامہ اقبال پارک میں تین روزہ پھولوں کی خوبصورت نمائش کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ڈی پی او، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران کے ہمراہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش 16 اپریل تک جاری رہے گی اور اس کا مقصد شہریوں کو ایک خوبصورت، صحت مند اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنی فیملی کے ساتھ خوشگوار وقت گزار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خواتین اور بچوں کیلئے محفوظ اور تفریحی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رکھے گی اور شہریوں کو دعوت دی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اس نمائش سے بھرپور لطف اٹھائیں۔
نمائش کے پہلے ہی روز خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، پارک رنگ برنگے پھولوں سے مہک اٹھا جبکہ نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی رہا، جنہوں نے بھنگڑے ڈال کر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کی مثبت سرگرمیاں معاشرے میں خوشیوں کو فروغ دیتی ہیں اور ذہنی سکون کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔