بہاولپور (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بہاولپور اور گردونواح میں جعلی کھویا تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بڑے یونٹ سے بھاری مقدار میں مضر صحت کھویا برآمد کر کے تلف کر دیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، یہ کارروائی لیبروٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی۔ خیر پور ٹامیوالی میں واقع ایک کھویا یونٹ کا معائنہ کیا گیا جہاں غیر معیاری اور مضر صحت اجزاء سے جعلی کھویا تیار کیا جا رہا تھا۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر 80 کلو مضر صحت کھویا قبضے میں لے کر تلف کر دیا اور یونٹ کی پروڈکشن فوری طور پر بند کر دی۔
یونٹ کے مالک کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اس موقع پر کہا کہ جعلسازی جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر شہریوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے۔