کلین کینجھر اینڈ گرین ٹھٹھہ مہم کا آغاز

ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع ٹھٹھہ میں ماحولیاتی بہتری اور قدرتی حسن کی بحالی کے لیے "کلین کینجھر اینڈ گرین ٹھٹھہ” مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ مہم کا افتتاح تاریخی کینجھر جھیل کے مقام پر پودا لگا کر ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے کیا۔

تفصیل کے مطابق ضلع ٹھٹھہ میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور قدرتی حسن کی بحالی کے لیے "کلین کینجھر اینڈ گرین ٹھٹھہ” مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اہم مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے تاریخی و تفریحی مقام کینجھر جھیل پر پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت نے کینجھر جھیل کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا جہاں انہیں جھیل کی صفائی اور شجرکاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے تحت پورے ضلع میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جس کا بنیادی مقصد کینجھر جھیل کو آلودگی سے پاک کرنا اور پورے ضلع کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کینجھر جھیل کو ایک عظیم قومی اور تاریخی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نہ صرف ٹھٹھہ بلکہ سندھ اور ملک بھر کے تمام سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے تاکہ وہاں آنے والے سیاحوں کو بہتر ماحول میسر آ سکے اور ان قیمتی اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

سرمد علی بھاگت کا مزید کہنا تھا کہ عوام میں شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نئی نسل کو ان مقامات کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہی دی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ فاریسٹ کے تعاون سے اس شجرکاری مہم کو مزید وسعت دی جائے گی اور لگائے گئے پودوں کی مستقل دیکھ بھال کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے شہریوں اور مقامی افراد سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں اور اپنے گلی محلوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ماحولیاتی بہتری میں اپنا حصہ ڈالیں۔ تقریب میں شریک مقامی افراد نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کینجھر جھیل کی خوبصورتی کی بحالی کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے