اسلام آباد (کیو این این ورلڈ):آصف علی زرداری اور محمد شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے اسے صبر، تقویٰ اور ایثار کا حقیقی صلہ قرار دیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر ہمیں نئی روحانی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور اس کا اصل پیغام خود احتسابی اور اخلاقی طہارت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبر، برداشت اور اخوت ایک مضبوط قوم کی بنیاد ہیں جبکہ عید باہمی محبت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا دن ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری قومی و دینی ذمہ داری ہے اور پاکستان کی ترقی ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلم امہ کو اتحاد، امن اور استحکام عطا فرمائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک کے بعد عید کی خوشی اللہ تعالیٰ کا انعام ہے اور دعا کی کہ اللہ ہماری عبادات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر ایثار، اتحاد اور خدمت خلق کا درس دیتی ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم کمزور اور مستحق طبقات کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے جبکہ عید بھائی چارے، انسانیت کی خدمت اور یکجہتی کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے مالی معاونت کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے اور عالمی امن، عدل و انصاف اور رواداری کے قیام کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم کے مطابق موجودہ عالمی غیر یقینی صورتحال میں قومی اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔