کراچی (کیو این این ورلڈ) محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہریوں کو ممکنہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی پیشگوئی کی ہے کہ عید الفطر کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان ہے اور 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث مختلف حادثات میں 19 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ متاثرہ علاقوں میں نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن شامل ہیں۔ کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن میں بھی شدید ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ماڑی پور میں ہوا کی رفتار 97 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچی، جس سے شہر میں ٹریفک اور نقل و حمل متاثر ہوئی۔ شہریوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔