71 سالہ بزرگ استاد کا اعزاز، 55 مرتبہ قرآن پاک کی تکمیل

سرگودھا (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارملک شاہنواز جالپ) سرگودھا کے بزرگ دینی استاد حافظ اللہ دتہ نے ماہِ رمضان المبارک کی 27ویں شب ایک منفرد اور قابلِ فخر اعزاز حاصل کر لیا، جب انہوں نے مرکزی جامع مسجد حامد علی شاہ میں 55 مرتبہ قرآن پاک کی تکمیل کی سعادت حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق 71 سالہ بزرگ استاد حافظ اللہ دتہ نے اس سال بھی مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ نمازِ تراویح میں قرآن پاک سنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور اسی مسجد میں یہ مسلسل 50ویں مرتبہ قرآن پاک مکمل سنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا، جو اپنی نوعیت کا ایک منفرد ریکارڈ تصور کیا جا رہا ہے۔

مدرسہ کے اساتذہ کرام اور دیگر علماء کی موجودگی میں ہونے والی ان تراویح میں قابلِ ذکر بات یہ رہی کہ الحمدللہ اب تک کسی قسم کی غلطی سامنے نہیں آئی، جسے حاضرین نے اللہ تعالیٰ کا خاص فضل قرار دیا۔

حافظ اللہ دتہ کا شمار سرگودھا کے سینئر اور معزز اساتذہ میں ہوتا ہے، جن سے شہر کے متعدد جید علماء اور ہزاروں طلبہ قرآن پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی دینی خدمات کو شہر بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

آخر میں اہلِ علاقہ اور شاگردوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حافظ اللہ دتہ کو صحت و تندرستی عطا فرمائے اور انہیں مزید عرصہ دراز تک دینِ اسلام کی خدمت کی توفیق دے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے