آندھی و بارش نے کراچی کو ہلا دیا، 19 افراد جاں بحق

کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار ڈاکٹربشیربلوچ) شہر قائد میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 ہوگئی جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ایف بی ایریا، صدر، کلفٹن، کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ بارش کے بعد معین آباد عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاؤن 14 اے، ڈیفنس فیز ون و ٹو، اختر کالونی، کشمیر کالونی اور دیگر علاقوں میں بھی بجلی بند رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ تیز ہواؤں کے باعث مختلف مقامات پر درخت اور بل بورڈ گرنے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ کلفٹن میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب درخت گرنے سے افراد پھنس گئے جبکہ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گر گیا۔

بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار اور عمارت گرنے کے واقعے میں سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا جہاں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے مطابق عمارت رہائشی نہیں تھی اور بارش کے باعث افراد وہاں پناہ لینے آئے تھے۔

دیگر واقعات میں قائد آباد مجید کالونی میں دیوار گرنے سے ایک مرد اور خاتون جاں بحق ہوئے، ملیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ کورنگی کے مختلف علاقوں میں چھت اور درخت گرنے سے مزید ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مواچھ گوٹھ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ریسکیو کارروائیوں کی ہدایت کی، جبکہ وزیر داخلہ سندھ اور میئر کراچی نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر کے بعد مزید بارش کا امکان ہے، کہیں کہیں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کراچی سمیت سندھ میں مزید بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے