کراچی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارب ڈاکٹرشیر بلوچ ) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دریائے سندھ پر نیا سکھر روہڑی پل بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے 51 ویں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں سندھ کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی۔
نئے پل کی لمبائی تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر ہوگی اور یہ ملٹی لین ہوگا، جس میں بھاری گاڑیوں اور پیدل افراد کے لیے الگ راستے مختص کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق یہ پل سکھر اور روہڑی سمیت ملحقہ علاقوں کو آپس میں منسلک کرے گا اور موجودہ راستوں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرے گا۔
وزیربلدیات ناصر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر اور روہڑی ایک مربوط شہری و معاشی راہداری ہیں، اور موجودہ مرکزی گزرگاہ لینس ڈاؤن پل ہے جو سکھر بیراج کی مدد سے چلایا جا رہا ہے۔ بیراج کی مرمت کے باعث یہ پل کم از کم 2027 تک عوامی آمدورفت کے لیے بند رہے گا، اور بھاری ٹریفک کے لیے استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ایمرجنسی سروسز متاثر ہوتی ہیں۔ نئے پل سے ٹریفک جام اور رش میں واضح کمی متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نئے سکھر روہڑی پل منصوبے کے لیے پروجیکٹ ڈیولپمنٹ فسیلٹی کی بھی منظوری دی، تاکہ منصوبے کی جلد تکمیل ممکن ہو سکے۔