ٹھٹھہ (کیو این این ورلڈ/ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ٹھٹہ پولیس نے سندھ رینجرز کے ہمراہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا۔ یہ فلیگ مارچ ایس ایس پی ٹھٹہ فاروق احمد بجارانی کی ہدایات پر کیا گیا جس کا مقصد ضلع بھر میں سکیورٹی کو مؤثر بنانا اور عوام میں احساسِ تحفظ پیدا کرنا تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق فلیگ مارچ ایس ایس پی آفس ٹھٹہ سے شروع ہوا اور شہر ٹھٹہ اور مکلی کے مختلف اہم علاقوں سے گزرتا ہوا دوبارہ ایس پی آفس ٹھٹہ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے مختلف شاہراہوں اور حساس مقامات پر گشت کیا جبکہ شہریوں کو قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے پیغام بھی دیا گیا۔

اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹہ فاروق احمد بجارانی نے کہا کہ 21 رمضان المبارک یومِ شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر ضلع ٹھٹہ میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام افسران اور اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایس ایس پی ٹھٹہ کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد عوام کو یہ پیغام دینا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ جرائم پیشہ افراد اور معاشرتی برائیوں کے خلاف بھی بھرپور قانونی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے